کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں دوران حراست تین شہریوں سمیت کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قتل میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔ کے ایم ایس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع جاری ہے اور اس کے فوری خاتمے کا دور دور تک کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ آغاسید حسن الموسوی بڈگامی نے خطے میں جاری خونریزی کو ختم کرنے کے لیے تنازعہ کشمیر کےتمام فریقین کےدرمیان بات چیت کی ضرورت پر زوردیا۔ادھر نیشنل کانفرنس کےصدر فاروق عبداللہ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ دوران حراست شہریوں کاقتل اور دیگر پرتشدد واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اس حوالے سے مودی حکومت کے دعوے حقیقت سے کوسوں دورہیں۔