سب ڈویژن جگلوٹ میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہِ وآلہ وسلم کا انعقاد بوائز ہائیر سیکنڈری سکول میں منعقد ہوا،جس میں اسسٹنٹ کمشنر جگلوٹ وسیم عباس نے بطور مہمان خصوصی اور نمبردار اعلیٰ جگلوٹ میر شوکت عثمان نے بطور میر محفل شرکت کی۔تقریب میں طلبہ نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر تقاریر کیں.اس موقع پر مقررین نے کہا کہ رسولِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ رب العزت نے نسل انسانی کے لیے ایک کامل نمونہ اور اسوہ حسنہ بنا کر دنیا میں مبعوث فرمایا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی کو قیامت کی صبح تک کے لیے معیار بنادیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ پوری انسانیت اور جملہ مخلوقات الہیہ کے لیے رحمت بن کر دنیا میں تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی سیرت پاک میں وہ جملہ اخلاقی، سماجی اور روحانی اوصاف موجود ہیں جن کو اپنا کر انسانیت اپنے اصل مقام تک پہنچ سکتی ہے اور دنیا کے جملہ انسان دو جہانوں میں کامیابی پاسکتے ہیں۔سیرت طبیہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔
گلگت جگلوٹ میں جشن عید میلاد النبی کی پر وقار تقریب
Date: