امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ "بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کا ذیلی نام المجید بریگیڈ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) کے طور پر نامزد کیا جا رہا ہے، جبکہ مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کی پہلے سے موجود خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد (ایس ڈی جی ٹی) فہرست میں اضافی نام کے طور پر شامل کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق بی ایل اے کو 2019 میں متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد ایس ڈی جی ٹی قرار دیا گیا تھا، اور اس کے بعد بھی تنظیم نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن میں مجید بریگیڈ کے حملے بھی شامل ہیں۔وزارت کے مطابق 2024 میں بی ایل اے نے کراچی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے قریب خودکش حملوں کی ذمہ داری لی، جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ٹرین کے اغوا کا دعویٰ کیا، جو مارچ میں کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی۔ اس واقعے میں 31 عام شہری اور سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے اور 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کے دہشت گردی کے خلاف عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کی نامزدگیاں اس لعنت کے خلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے مالی اور دیگر معاونت کو روکنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔