اسلام آباد: بھارت کی جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی کی یاد میں وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر H-8 میں قومی یادگار "معرکہ حق” کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ یادگار ایک زیرِ استعمال پارک میں تعمیر کی جا رہی ہے، جسے جدید اور پرکشش عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے گا۔یادگار کا تھیم قرآن پاک کی آیت "بنیان مرصوص” سے لیا گیا ہے، جس کا مفہوم ہے "سیسہ پلائی ہوئی دیوار”۔ یہ تصور قوم کے اجتماعی عزم، اتحاد اور ہر طرح کے خطرات کے مقابل متحد رہنے کے جذبے کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی ڈیزائننگ اور تعمیر کا کام فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے سپرد کیا گیا ہے، جبکہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے منصوبے کے لیے مختص جگہ ایف ڈبلیو او کے حوالے کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یادگار عالمی معیار کے مٹیریل اور جدید تعمیراتی تقاضوں کے مطابق تعمیر کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت اور حکومتی مالی معاونت سے شروع کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب یادگار کے ڈیزائن کی نقاب کشائی کی، جس کے بعد تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔حکام کے مطابق "معرکہ حق” یادگار قومی اتحاد و یکجہتی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی شعور، فخر اور قومی عکاسی کا مرکز بنے گی۔ یہ یادگار اسلام آباد کے منظر نامے میں ایک باوقار اضافہ اور قوم کے اتحاد کا مظہر ہوگی۔
اسلام آباد میں بھارت کیخلاف شاندار فتح کی یاد میں "معرکہ حق” یادگار کی تعمیر کا آغاز
Date: