ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔ بھارتی ٹیم نے یہ ہدف 19ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے کیا لیکن فخر زمان جلد ہی 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر خاصی بحث چھڑ گئی اور شائقین نے اسے متنازع قرار دیا۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 93 رنز تک پہنچایا۔ صائم ایوب 21 رنز بنا کر دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے جو 10 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 115 کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان بھی شاندار 58 رنز بنا کر دوبے کا شکار ہوگئے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے۔ بعد ازاں محمد نواز نے 21 رنز بنائے اور 149 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان سلمان آغا نے 17 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے آٹھ گیندوں پر 20 رنز کی تیز اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت نے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں کیا۔ اوپنر شبمن گل نے 47 رنز بنائے لیکن فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار بغیر کوئی رن بنائے حارث رؤف کا شکار بنے۔ اس کے باوجود بھارتی بیٹنگ لائن دباؤ میں نہ آئی۔ ابھیشیک شرما نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 39 گیندوں پر پانچ چھکوں کی مدد سے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ 123 کے اسکور پر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ سنجو سیمسن بھی 13 رنز پر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے تاہم تلک ورما 30 اور ہاردک پانڈیا سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔پاکستان کی جانب سے باؤلنگ میں حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں اور فہیم اشرف اور حسین طلعت کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ بھارت کی ٹیم میں بھی جسپریت بھمراہ اور ورون چکرورتی کی واپسی ہوئی۔میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ماحول کشیدہ رہا۔ ٹاس کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ہاتھ نہیں ملایا، جبکہ بھارتی کپتان کے سیاسی بیان نے صورتحال کو مزید تنازع کا شکار بنا دیا۔ یاد رہے کہ گروپ میچ میں بھی بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی: بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
Date: