کوئٹہ:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واضح ہدایات اور حکومتِ بلوچستان کی مکمل معاونت کے ساتھ بلوچستان میں منشیات کے خلاف ایک وسیع اور فیصلہ کن مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس اور مقامی سیکیورٹی ادارے مل کر پوست کی کاشت اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لیے ریڈز کر رہے ہیں۔سرکاری اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنا اور اس ناسور کا پائیدار خاتمہ ہے۔ مہم کے دوران متعدد علاقوں میں پوست کی فصلوں کو تلف کیا گیا جبکہ منشیات کی پیداوار اور ترسیل میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ کارروائیاں منظم انداز میں کی جا رہی ہیں اور ان کا دائرہ کار صرف فصلوں کے خاتمے تک محدود نہیں بلکہ اسمگلنگ کے راستوں، ذخائر اور منشیات کے نیٹ ورکس کی مالی وٹیلیٹی کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے کہا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورکس اور دہشتگرد تنظیموں کے ممکنہ گٹھ جوڑ کو مکمل طور پر ناکام بنانا اس مہم کی اولین ترجیح ہے۔سرکاری حکمتِ عملی کا ایک اہم جزو مقامی آبادی کو منشیات کی کاشت سے ہٹانے کے لیے متبادل روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ منصوبہ بندی کے تحت زرعی و غیرزرعی تربیت، چھوٹے صنعتی منصوبے، اور مقامی روزگار اسکیموں کے ذریعے کسانوں اور متاثرہ گھروں کو مستقل طور پر غیرمنشیاتی آمدنی کے راستے دیے جائیں گے، تاکہ وہ دوبارہ منشیات کی جانب مائل نہ ہوں۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ منشیات، جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے ایک مربوط، مؤثر اور پائیدار حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت تھی۔ اُن کے بقول یہی گٹھ جوڑ اس تمام نیٹ ورک کو طاقت فراہم کرتے ہیں، اس لیے صرف کارروائیاں نہیں بلکہ معاشی، سماجی اور انتظامی اقدامات بھی لازم ہیں۔حکومتِ بلوچستان اور وفاقی ادارے اس قومی جنگ میں عوامی شمولیت کو ضروری قرار دے رہے ہیں اور ہر شہر، دیہات اور سماجی طبقات سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ منشیات کے خلاف یہ جنگ ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس میں حکومت، سیکیورٹی ادارے اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہدایت پر بلوچستان میں منشیات کے خلاف فیصلہ کن مہم کا آغاز
Date: