وزیراعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔اوول آفس میں ہونے والی یہ ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی،
تاہم اس میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن سے نیویارک روانہ ہوئے، جہاں وہ آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔ ان کے خطاب میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، پاک بھارت کشیدگی اور مشرق وسطیٰ میں امن کے معاملات کو اجاگر کرنے کا امکان ہے۔ملاقات سے پہلے صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عظیم رہنما اور شاندار شخصیت قرار دیا۔ واشنگٹن کے اینڈریوز ایئربیس پر وزیراعظم کا سرخ قالین پر پرتپاک استقبال امریکی فضائیہ کے اعلیٰ حکام نے کیا، جس کے بعد ان کا موٹر کیڈ سخت سکیورٹی میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔
گزشتہ روز وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق صدر ٹرمپ اور مسلم رہنماؤں کی ملاقات کو مثبت قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب اگلا مرحلہ صدر ٹرمپ سے طے پانے والے نکات پر عملدرآمد ہے۔ نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست دی اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا پر ثابت کیا کہ جنگیں کس حکمت عملی سے لڑی جاتی ہیں۔