ایران کی نیم سرکاری مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ترکی میں متعین ایرانی سفیر محمد حسن حبیب اللہ زادہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور ترکی کے درمیان ایک مشترکہ وفد کی ملاقات گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے نئے سرحدی راستے کے قیام پر اتفاق کیا۔ یہ راستہ ایران کے علاقے کوزہ رش اور ترکی کے علاقے گلینجک کے درمیان قائم کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے سرحدی امور کی نگرانی کرنے والے اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران مجوزہ مقام کا معائنہ کیا گیا اور ٹرمینلز سمیت دیگر سہولیات پر باہمی رضامندی ظاہر کی گئی۔ایرانی سفیر کے مطابق نئے سرحدی دروازے کے قیام سے صوبائی اور قومی سطح پر روابط مزید مضبوط ہوں گےجبکہ تجارت اور ٹرانزٹ کو بھی نمایاں فروغ ملےگا۔یہ نیا کوزہ رش گلینجک سرحدی راستہ ایران کےصوبہ آذربائیجان مغربی کے ضلع سلمس اور ترکی کے صوبہ وان کے ضلع باشکالے کے درمیان واقع ہوگا۔ یہ سرحدی دروازہ ایران اور ترکی کے درمیان چوتھا سرکاری سرحدی گیٹ ہوگا، جو بازرگان، رازی اور سیرو کے بعد قائم کیا جا رہا ہے۔
ایران اور ترکی کے درمیان نیا سرحدی راستہ قائم کرنے پر اتفاق
Date: