امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تجارت کے ذریعے آٹھ جنگوں کو رکوانے میں کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سات طیارے مار گرائے گئے تھے، تاہم انہوں نے دونوں جوہری ممالک کو تجارتی تعلقات روکنے کی وارننگ دے کر جنگ سے باز رہنے پر مجبور کیا۔
ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو فون کرکے کہا کہ اگر وہ جنگ کرتے ہیں تو امریکا ان کے ساتھ تجارت ختم کر دے گا، اور صرف 24 گھنٹوں کے اندر دونوں ممالک نے انہیں رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی کہ وہ جنگ نہیں کریں گے۔
سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں میں چین کے صدر کے ساتھ اہم امور پر بات چیت کریں گے اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر پاک بھارت جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں، تاہم بھارت نے ہمیشہ ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔