امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
اوول آفس میں دیوالی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی مودی سے ٹیلیفون پر بات ہوئی جس میں تجارت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں تجارت کے ذریعے تنازعات حل کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ پاکستان سے جنگ کے بجائے تجارتی تعلقات بہتر بنائیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اب تک تجارت کے ذریعے 8 ممکنہ جنگیں رکوا دی ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کی ممکنہ جنگ بھی شامل ہے۔
ٹرمپ نے مزید بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دونوں ممالک کے 7 طیارے گرائے گئے تھے، تاہم انہوں نے دونوں حکومتوں سے رابطہ کر کے انہیں خبردار کیا کہ اگر جنگ ہوئی تو امریکا ان دونوں کے ساتھ تجارت ختم کر دے گا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، میں نے دونوں ممالک کو فون کر کے کہا کہ اگر آپ جنگ کرتے ہیں تو امریکا آپ سے تجارت نہیں کرے گا۔ صرف 24 گھنٹوں بعد مجھے دونوں جانب سے کال آئی کہ وہ جنگ نہیں چاہتے۔
ٹرمپ کے اس بیان نے عالمی سطح پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بیان پاک–بھارت کشیدگی کے دوران امریکا کے پسِ پردہ کردار کی نشاندہی کرتا ہے