پاکستانی بحری جہاز یرموک نے سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت کام کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف ایک بڑی کارروائی کامیابی سے انجام دی، جس کے نتیجے میں تقریباً 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کر لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ شاندار کامیابی پاکستان نیوی کے علاقائی سمندری تحفظ، عالمی امن، اور سمندری راستوں پر غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
کثیرالقومی فورس CTF-150 کا حصہ ہونے کے ناتے، جو سمندری استحکام کو یقینی بنانے اور دہشت گردی و غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام پر مرکوز ہے، پی این ایس یرموک کی کامیاب کارروائی پاکستان کے اس فعال کردار کی توثیق کرتی ہے جو وہ ایک ذمہ دار سمندری شراکت دار کے طور پر بحرِ ہند کے وسیع خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ادا کر رہا ہے۔
کامیاب انسدادِ منشیات کارروائی کے بعد چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یرموک کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیوی اپنے قومی سمندری مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ تعاون کے ذریعے عالمی سمندری سلامتی کے فروغ کے مشن پر قائم ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں قائم ٹاسک فورس کے تحت پی این ایس یرموک کی یہ کارروائی دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون، عملی اشتراک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی