پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر (خوارج) کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے غلام اسحٰق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، ٹوپی (صوابی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ و اساتذہ سے حالیہ پاک افغان سرحدی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور سوشل میڈیا کے کردار پر گفتگو کی۔
براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا، آرمی چیف
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور قومی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے شہداء اور غازیانِ پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ایسی بامقصد نشستیں وقت کی ضرورت ہیں تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
طلبہ نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں اور امن کے قیام کے لیے خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سیشن کے دوران کیے گئے سوالات کے جوابات نے نوجوانوں کے ذہنوں میں موجود ابہام دور کر دیے۔