آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے ساتھ ہی ٹیم پاکستان کا ایونٹ میں سفر بغیر کسی جیت کے اختتام پذیر ہو گیا۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم موسم نے کھیل کا مزہ خراب کر دیا۔ میچ کو ابتدا میں 34 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، لیکن پاکستان نے جب 4.2 اوورز میں 18 رنز بنائے تو بارش دوبارہ شروع ہوگئی اور پھر نہ رک سکی، جس کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔
اس نتیجے کے ساتھ ہی پاکستان ویمن ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہو گیا۔ قومی ٹیم نے ایونٹ کے دوران 7 میں سے کوئی بھی میچ نہیں جیتا، 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 3 میچ بارش کی نذر ہوگئے۔
دوسری جانب سری لنکا کی کارکردگی بھی کچھ بہتر نہ رہی۔ ٹیم نے 7 میں سے صرف ایک میچ جیتا، 3 ہارے جبکہ 3 میچز بارش کے باعث منسوخ ہوئے۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور بھارت نے کوالیفائی کر لیا ہے۔


