ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ نے مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 1.58 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع رپورٹ کیا، جو فی حصص آمدنی 4.01 روپے کے برابر ہے۔ یہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں حاصل ہونے والے 84.2 کروڑ روپےکے مقابلے میں 88 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔تاہم، گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں منافع میں 16 فیصد کمی دیکھی گئی۔
کمپنی نے نتائج کے ساتھ فی حصص 2 روپے کی نقد ڈویڈنڈ کا اعلان بھی کیا۔خالص آمدنی سال بہ سال 11 فیصد بڑھ کر 24.40 ارب روپے تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 22.05 ارب روپے تھی۔
یہ اضافہ کم بنیاد اثر کی وجہ سے ہوا کیونکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ یونٹس نے صرف 54 لاکھ یونٹس تیار کیے تھے۔ سہ ماہی بنیاد پر آمدنی میں 30 فیصد اضافہ ہوا، جیسا کہ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا۔
مجموعی منافع کا تناسب بہتر ہو کر پہلی سہ ماہی 2026 میں 13.9 فیصد ہو گیا، جو ایک سال پہلے 9.8 فیصد تھا۔ زیادہ قیمتوں نے بڑھتے ہوئے مالی اخراجات کے اثرات کو کم کرنے میں مدد دی۔ سہ ماہی بنیاد پر مارجن تقریباً مستحکم رہا
گزشتہ سہ ماہی کے 14.1 فیصد کے مقابلے میں 13.9 فیصد۔دیگر آمدنی میں سال بہ سال 50 فیصد اضافہ ہو کر 31.6 کروڑ روپے ہو گئی، جو قلیل مدتی سرمایہ کاری پر زیادہ منافع کی وجہ سے ممکن ہوا۔ تاہم، سہ ماہی بنیاد پر یہ 29 فیصد کم ہوئی کیونکہ ایسی سرمایہ کاری میں کمی آئی۔
مالیاتی اخراجات سال بہ سال 42 فیصد بڑھ کر 96.8 کروڑ روپے تک پہنچ گئے، جس کی وجہ زیادہ قلیل مدتی قرضے اور بڑھا ہوا ذخیرہ تھا۔
کمپنی نے سہ ماہی کے لیے 29 فیصد مؤثر ٹیکس ریٹ ریکارڈ کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 31.4 فیصد اور پچھلی سہ ماہی کے 17 فیصد کے مقابلے میں کم ہے۔


