راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ یہ فیصلہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران کیا گیا، جس کی صدارت انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔
عدالتی کارروائی کے دوران علیمہ خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری ہو چکے تھے، تاہم وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ اس پر جج امجد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان ہر جگہ نظر آتی ہیں مگر عدالت میں پیش ہونے سے گریزاں ہیں۔
ذرائع کے مطابق عدالت اس سے قبل بھی علیمہ خان کے خلاف چار مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے، لیکن وہ تاحال عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ عدالت نے عدم پیشی پر ان کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
عدالتی فیصلے کے تحت اب علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کیا جائے گا تاکہ ان کی گرفتاری اور عدالتی پیشی کو یقینی بنایا جا سکے۔


