کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہیلتھ ایونٹ، 22 ویں ہیلتھ ایشیا نمائش کا شاندار آغاز ہو گیا۔
اس عظیم الشان نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کیا۔ یہ ایونٹ وزارتِ قومی صحت و خدمات اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے باہمی تعاون سے منعقد کیا گیا ہے۔
ہیلتھ ایشیا نمائش میں دنیا بھر سے آنے والے وفود نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر معروف ملکی و غیر ملکی مندوبین، سینئر حکومتی عہدیداران، صحت کے ماہرین اور صنعتکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پاکستانی فارما صنعت کی عالمی پذیرائی، معیار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ
افتتاحی تقریب کے دوران وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے روسی کاروباری وفد اور ماسکو ایکسپورٹ سینٹر کے سی ای او سے خصوصی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان میڈیکل ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبے میں تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ ایسی بین الاقوامی نمائشیں پاکستان میں صحت کے شعبے میں جدت، سرمایہ کاری اور عالمی تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک ون ونڈو آپریشن کے طور پر ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
ایونٹ ڈائریکٹر فرحان انیس کے مطابق، وفاقی حکومت اور ایس آئی ایف سی کے اشتراک سے منعقد ہونے والی یہ بین الاقوامی ہیلتھ ایگزیبیشن مستقبل میں مریضوں کے علاج کا بوجھ کم کرنے اور اسپتالوں میں جدید سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نمائش میں جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کی نمائش صحت کے شعبے میں ایک نئے انقلاب کی بنیاد رکھے گی۔
وزارت قومی صحت اور ایس آئی ایف سی نے مشترکہ طور پر پاکستان میں صحت کے معیار کو بلند کرنے اور طبی سہولیات میں بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جو ملک میں عالمی سطح کی صحت خدمات کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


