وزارتِ اطلاعات و نشریاتِ پاکستان نے ایک بار پھر بھارتی گودی میڈیا کے جھوٹے پروپیگنڈا اور خطے میں عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا، خاص طور پر مودی سرکار کے زیرِ اثر نشریاتی ادارے، ایک بار پھر فتنۂ خوارج کی حمایت میں گمراہ کن اور زہریلی مہم میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔
حالیہ دنوں بھارتی نجی چینل این ڈی ٹی وی نے یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ 8 اکتوبر کو کرم میں فتنۂ خوارج نے گھات لگا کر پاک فوج کے 22 جوانوں کو شہید کیا۔ تاہم حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے وضاحت کی کہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کو کرم نہیں بلکہ ضلع اورکزئی میں کیا گیا تھا، جس میں 11 فوجی جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے ایک اور ادارے ریپبلک نیوز انڈیا نے بھی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور دعویٰ کیا کہ فتنۂ خوارج نے 24 گھنٹوں کے دوران پاک فوج پر 16 حملے کیے۔ تاہم یہ دعویٰ بھی بے بنیاد نکلا، کیونکہ زمینی حقائق کے مطابق کارروائیوں کے دوران صرف 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور کسی بھی قسم کے متعدد حملوں کی اطلاع درست نہیں تھی۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق، یہ تمام جھوٹے دعوے مودی سرکار کی ایماء پر منظم مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد خطے میں انتشار پھیلانا، دہشتگردوں کے بیانیے کو تقویت دینا اور پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر منفی تاثر قائم کرنا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بھارتی میڈیا ایک بار پھر اپنی ریاست نواز گودی روش کے تحت ایسی مضحکہ خیز رپورٹنگ کر رہا ہے جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کے مطابق، بھارتی میڈیا کا یہ کردار نہ صرف پیشہ ورانہ بددیانتی کی مثال ہے بلکہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہا ہے، کیونکہ وہ دہشتگردوں کے بیانیے کو تقویت دے کر امن دشمن قوتوں کے ہاتھ مضبوط کر رہا ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی اس منظم فیک نیوز مہم اور پروپیگنڈا نیٹ ورک کا نوٹس لے جو جھوٹ، نفرت اور انتشار کو ہوا دے کر جنوبی ایشیا کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔


