پاک فوج اور قازقستان کی افواج کے درمیان مشترکہ فوجی مشق دوستاریم-5 کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتے تک جاری رہنے والی یہ انسدادِ دہشت گردی کی مشق 14 اکتوبر 2025 کو شروع ہوئی تھی، جس میں پاکستان کے اسپیشل سروسز گروپ اور قازقستان کی اسپیشل فورسز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، مشقوں کے دوران دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور عملی تجربے کا شاندار مظاہرہ کیا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ اسپیشل آپریشنز اسکول چراٹ تھے، جبکہ قازقستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر شریک افواج نے نہ صرف عملی تربیت میں اپنے تجربات کا تبادلہ کیا بلکہ باہمی تعاون اور عسکری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز میں طریقہ کار، رابطہ کاری اور تکنیکی مہارت کو بہتر بنانا تھا تاکہ دونوں ممالک کی افواج جدید خطرات کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک کے پرچم فخر سے لہرائے گئے، اور شرکا نے پاک قازقستان دوستی کو خطے کے امن و استحکام کی ضمانت قرار دیا۔


