خیبر پختونخوا کے علاقوں کرم اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ آپریشن کے دوران 25 خوارج ہلاک جبکہ پاک فوج کے 5 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے اسپین وام میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے دو گروہوں کی نقل و حرکت کو بروقت نشانہ بنایا۔ یہ دونوں گروہ پاک افغان سرحد عبور کرنے کی کوشش میں مصروف تھے۔
کارروائی کے دوران اسپین وام میں 15 دہشت گرد مارے گئے، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ اسی طرح کرم کے علاقے غکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 10 درانداز خوارج کو ہلاک کر دیا۔
کوہستان کرپشن اسکینڈل میں مزید 8ملزمان گرفتار،تعداد 26 ہوگئی
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور شہداء کی قربانیاں امن کے قیام کا استحکام بنیں گی۔


