اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے ایک بار پھر غزہ شہر پر شدید فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا، جن میں الشفاء اسپتال کے عقب میں ہونے والا ایک بڑا حملہ بھی شامل ہے۔
الجزیرہ کے مطابق بمباری کے دوران دھماکوں کی آوازیں پورے شہر میں سنائی دیتی رہیں جبکہ اسپتال کے قریب میزائل گرنے سے مریضوں، بچوں اور طبی عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تھائی لینڈ اور کمبوڈیامیں جاری کشیدگی ختنم،ٹرمپ کی موجودگی میں جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کی شدت اس قدر تھی کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے آج فوجی قیادت کو ہدایت دی کہ غزہ میں فوری اور بھرپورکارروائی کی جائے۔ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ فیصلہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد کیا گیا۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ ہوا، جس کے بعد تل ابیب نے فضائی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا۔
ادھر غزہ میں ایک بار پھر صورتِ حال نہایت کشیدہ ہو گئی ہے، اور امدادی ادارے تباہ شدہ علاقوں تک رسائی کے لیے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے شہری آبادی پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور امدادی راہداریوں کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔


