پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے تاحال اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ وزیرِ اعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی تیاری جاری ہے، تاہم اس میں نئے قائدِ ایوان کے نام کی جگہ تاحال خالی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خصوصی ایلچی جلد سیل بند خط کے ذریعے نئے وزیرِ اعظم کے نام کے ساتھ مظفرآباد پہنچیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد جمع کرانے سے قبل نئے قائدِ ایوان کا نام اس میں درج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے آئین کے تحت وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد میں نئے قائدِ ایوان کا نام لکھنا لازمی ہے۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک وزیرِ اعظم کے نام کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ یا منظوری نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کے حوالے سے پارٹی کے اندر مشاورت جاری ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہی نئے وزیرِ اعظم کے نام کا باضابطہ اعلان کریں گے۔


