بھارتی پروپیگنڈا مشینری ایک مرتبہ پھر اپنی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کی حمایت میں سرگرم ہو گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے دہشت گردوں کے زہریلے بیانیے کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے خلاف جھوٹ پھیلانے کی اس مذموم مہم کا پردہ چاک ہو گیا ہے، جس میں مختلف بھارتی اور افغان اکاؤنٹس منظم انداز میں شریک پائے گئے۔
ہندوستانی پروپیگنڈا اکاؤنٹس نے فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے میڈیا وِنگ اوسینٹ ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے جھوٹا دعویٰ کیا کہ پاک فوج کے بعض اہلکاروں نے طالبان میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ تاہم پاکستانی فوج سے متعلق ایسا کوئی واقعہ نہ تو پیش آیا اور نہ ہی کسی سطح پر رپورٹ ہوا۔
یہ دعویٰ مکمل طور پر من گھڑت اور ایک مربوط ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانا اور اس کی سیکیورٹی فورسز کے مورال کو متاثر کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت سے منسلک یہ پروپیگنڈا نیٹ ورکس افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی پروپیگنڈا مشینری تخریب کار مودی سرکار کی ایماء پر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم میں مصروف ہے، تاکہ دہشت گرد گروہوں کی پشت پناہی کے ذریعے خطے میں بدامنی کو ہوا دی جا سکے۔


