پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں شکست دے کر میچ اور سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 140 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔
میچ میں بہترین کارکردگی پر بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
🏏 میچ کی نمایاں جھلکیاں
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 68 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے اپنی نصف سنچری 36 گیندوں پر مکمل کی۔ یہ ان کی ٹی20 کیریئر کی 40ویں ففٹی تھی، جس کے ساتھ انہوں نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کپتان سلمان علی آغا نے 33، صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز بنائے، جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان (6)* اور فہیم اشرف (4)* ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش اور لیزارڈ ولیمز نے 2، 2 جبکہ ڈونون فریرا اور اینڈائل سملین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
🇿🇦 جنوبی افریقہ کی اننگز
مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ریزا ہینڈریکس (34)، کپتان ڈونون فریرا (29) اور ڈیوالڈ بریوس (21) نمایاں بیٹرز رہے۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر 3 شکار کیے۔ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے 2، 2 وکٹیں لیں۔
🔁 ٹیموں میں تبدیلیاں
پاکستان کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں,نسیم شاہ اور ابرار احمد کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق شامل ہوئے۔ عثمان طارق نے اپنا ٹی20 ڈیبیو کیا۔
جنوبی افریقہ نے بھی 3 تبدیلیاں کیں، ٹونی ڈی زورزی، لونگی این گیدی اور ناندرے برگر کی جگہ لوہان ڈرے پریٹوریس، لیزارڈ ولیمز اور آندے سیمالانے کو موقع دیا گیا۔
📅 آئندہ شیڈول
ٹی20 سیریز کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی:
پہلا ون ڈے: 4 نومبر
دوسرا ون ڈے: 6 نومبر
تیسرا اور آخری ون ڈے: 8 نومبر
پاکستان کی یہ فتح ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے حوصلہ افزا قدم ثابت ہوئی ہے۔


