جنوبی شام کے علاقے قنیطرہ میں قابض اسرائیلی افواج اور شامی نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے قنیطرہ کے نواحی علاقے میں رزانیہ صیدا شاہراہ کو بند کر کے شہریوں کی تلاشی اور پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جب مقامی شہریوں نے اس جارحیت کے خلاف احتجاج کیا تو اسرائیلی فوج نے صیدا الحانوت گاؤں کے داخلی راستے پر جمع نوجوانوں پر براہِ راست فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق، فائرنگ کے جواب میں شامی نوجوانوں نے پتھراؤ اور نعرے بازی کی، جس کے بعد جھڑپیں مزید شدت اختیار کر گئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب اسرائیلی افواج جنوبی شام کی سرحدی پٹی پر مسلسل جارحیت کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، حالیہ مہینوں میں اسرائیلی فوج نے شام کے مختلف دفاعی اور ترقیاتی مراکز پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں جن میں کئی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔


