ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گرین کارپوریٹ لائیوسٹاک انیشیٹو (جی سی ایل آئی) کے تحت لائیوسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
اس منصوبے کا مقصد جدید بریڈنگ ٹیکنالوجی، جینیاتی بہتری، اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے ملک میں دودھ کی پیداوار اور ڈیری مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
جی سی ایل آئی کے جدید سائنسی نظام کے تحت مویشیوں کی صحت، خوراک، اور افزائش نسل کے حوالے سے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس ضمن میں کلاؤڈ ایگری گروپ کے اشتراک سے امریکہ سے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشی 6 نومبر 2025 کو پاکستان پہنچیں گے۔ یہ اقدام پاکستان کے ڈیری سیکٹر میں پیداوار کے معیار کو بہتر بنانے اور برآمدی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
گزشتہ سال 2024 میں بھی برازیل سے اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی آمد کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا تھا، جس سے جی سی ایل آئی کے تحت جاری کاوشوں پر اعتماد میں اضافہ ہوا۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت نے اس منصوبے میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داری کو ممکن بنایا ہے۔ یہ اقدام نیشنل ہرڈ ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر کو عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔


