پاکستان اور جرمنی کے درمیان حکومتی سطح پر مذاکرات کا ایک اہم دور منعقد ہوا، جس میں اقتصادی تعاون اور ترقی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کی، جبکہ جرمن وفد کی سربراہی جرمن وزارتِ معاشی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹزکے نے کی۔ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر انا لیپل نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق جرمنی نے مالی سال 2025-26 کے لیے پاکستان کو 114 ملین جرمن یورو کے تعاون پیکج کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر کرسٹین ٹوئٹزکے نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور کرسٹین ٹوئٹزکے نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے حوالے سے سمری ریکارڈ پر دستخط کیے، جس سے پاکستان اور جرمنی کے باہمی تعلقات کے مزید فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔


