ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نےکہا ہے کہ پاکستان کمزور نہیں بلکہ پوری طرح تیار ہے اور بھارت کی جنگی تیاریاں ہماری جدید عسکری صلاحیتوں کے سامنے نہیں ٹھہر سکتیں۔
اپنے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی عسکری تیاریاں جدید اور موثر ہیں اور یہ دباؤ یا خوف کے تحت نہیں بلکہ دفاعی حکمتِ عملی کے طور پر ہیں۔
طاہر اندرابی نے پاک بھارت تنازع کے حوالہ سے کہا کہ پاک فضائیہ کی بہادری اور کارنامے تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کے الفاظ میں، ہم نے جو بھی طیارے گرائے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں، ہم ان پر فخر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھرپور شکست دی اور "ہمارے دئیے زخم ملتے ہی بھارت نے فوراً امریکی صدر سے جنگ بندی کی درخواست کی۔”
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بات چیت مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثالثوں کے ذریعے منطقی اور ٹھوس دلائل پیش کیے ہیں اور ہمارے مطالبات "سادہ، واضح، منصفانہ اور شواہد پر مبنی ہیں۔
اندرابی نے ان مطالبات کو دو بڑے خطرات کے تناظر میں قرار دیا: فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان۔مذاکرات کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات میں ذمہ دار، دفاعی طور پر مضبوط اور اپنے وطن کی سلامتی کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک ہی موقف ہے: افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
ترجمان کے بیان نے فوری طور پر حکومت کی سختی اور دفاعی مؤقف کو واضح کیا ہے اور خطّے میں سلامتی اور استحکام کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو دہرا دیا۔


