سینیٹ نے 27ویں آئینی ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور کرلی۔ ترمیم کے حق میں 64 ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے ووٹنگ کے دوران ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
وفاقی وزیرِ قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے 27ویں آئینی ترمیم ایوان میں پیش کی، جسے کثرتِ رائے سے منظور کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد آئینی ترمیم کی منظوری کا اعلان کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے حق میں 64 ووٹ ڈالے گئے، ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی شدید علالت کے باعث ووٹ نہیں دے سکے۔
اس سے قبل آئین میں 27ویں ترمیم کی شق وار منظوری کا سلسلہ جاری رہا اور تمام 59 شقیں منظور کرلی گئیں۔


