اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔وزارت اطلاعات کے مطابق آئی بی اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج نیٹ ورک کے چار دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
گرفتار شدگان میں خودکش حملہ آور کے ہینڈلر ساجد اللہ عرف شینا بھی شامل ہیں، جس نے اعتراف کیا کہ حملے کی ہدایات افغانستان سے ٹی ٹی پی کمانڈر داداللہ دیتا تھا۔
داداللہ نے خودکش حملہ کرانے کا حکم ٹیلیگرام کے ذریعے دیا۔ خودکش بمبار عثمان عرف قاری، جو افغانستان کے صوبہ نگرہار کا رہائشی تھا، اسلام آباد پہنچنے کے بعد ساجد اللہ نے نواحی علاقے میں ٹھہرایا۔
حملے کے لیے استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ پشاور کے اکھن بابا قبرستان سے حاصل کی گئی، اور حملے کے روز ساجد اللہ نے بمبار کو جیکٹ پہنائی۔
حملے کے اس نیٹ ورک کو افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کی اعلیٰ قیادت کنٹرول کر رہی تھی۔ آپریشنل کمانڈر سمیت پورا سیل گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔


