قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلے گئے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا اے کو 5 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز اسکور کیے۔ غازی غوری 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جب کہ معاذ صداقت نے 23 اور احمد دانیال و سعد مسعود نے 22،22 رنز کی اننگز کھیلیں۔ سری لنکا اے کی جانب سے پرمود مدھوشن نے 4 اور تراوین میتھیو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
154 رنز کے تعاقب میں سری لنکا اے کی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا تاہم سخت جدوجہد کے باوجود 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 148 رنز ہی بنا سکی۔
ملان رتھنائیکے 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان شاہینز کی طرف سے سعد مسعود اور سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان شاہینز نے 5 رنز سے میچ جیت کر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بنگلادیش اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔


