پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں سے افغانستان میں استعمال ہونے والا امریکی اور نیٹو افواج کا اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ ہتھیار مختلف آپریشنز کے دوران قبضے میں لیے گئے اور بعد ازاں میڈیا کے سامنے بھی پیش کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے برآمد کیے گئے اسلحے میں ایم 4، ایم 16 اور دیگر خودکار جدید رائفلیں، نائٹ وژن گاگلز اور جدید آپریشنل آلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی فوج اور نیٹو کے زیرِ استعمال اعلیٰ کوالٹی کا دھماکا خیز مواد اور تاریں بھی برآمد کی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک
سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق فتنہ الخوارج اس امریکی اسلحے کے ذریعے دور سے پاک فورسز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جب کہ ان ہتھیاروں میں اسٹیل ہیڈ گولیاں بھی شامل ہیں جو بُلٹ پروف جیکٹ کو بھی چیر سکتی ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے دوران یہ اسلحہ وہیں چھوڑ دیا گیا تھا، جسے دہشت گرد اب پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، جبکہ کئی ہتھیاروں پر واضح طور پر درج ہے کہ وہ امریکی حکومت کی ملکیت ہیں۔


