پاک بحریہ نے پاکستان میں تیار کردہ اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئے دفاعی میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جدید میزائل سمندری اور زمینی اہداف کو اعلیٰ درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور شاندار گائیڈنس سسٹم سمیت اہم تکنیکی خصوصیات کا حامل ہے۔
تجربے کی ٹیسٹ فلائٹ کا مشاہدہ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے سینئر سائنس دانوں اور انجینئرز کے ہمراہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے مضبوط عزم کا واضح ثبوت ہے۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس کامیاب تجربے پر شریک یونٹس اور سائنس دانوں کو مبارک باد پیش کی، جب کہ سروسز چیفس نے بھی اس اہم کارنامے کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


