سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئیں۔۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق میرعلی کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ایک ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چھ دہشت گرد مارے گئے۔ اسپن وام میں کیے گئے ایک اور آئی بی او میں مزید ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جبکہ اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم باقی عناصر کی تلاش اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔


