اسلام آباد:پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ فوجی مشق وارئیر نائن کا آغاز ہو گیا۔
دونوں آہنی بھائیوں کے درمیان انسدادِ دہشت گردی کی یہ نویں سالانہ مشق یکم دسمبر 2025 سے شروع ہوئی، جس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ اور جدید جنگی طریقہ کار کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری پر قائم ہے، اور وارئیر- IX اس مضبوط عسکری تعلق کا عملی مظہر ہے جو دونوں ممالک کے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں منعقد ہوئی، جس میں منگلا کور کے کمانڈر اور چینی افواج کے ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف میجر جنرل بیان شیاؤ منگ سمیت پاکستان اور چین کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔


