پاکستان کا خصوصی فوجی طیارہ سی-130 وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایات پر امدادی ٹیم اور سامان لے کر کولمبو پہنچ گیا۔ یہ امداد سری لنکا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور ریسکیو آپریشنز میں معاونت کے لیے بھیجی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ضروری سامان کے ہمراہ کولمبو پہنچی، جہاں سری لنکن ڈپٹی منسٹر پورٹ اور پاکستان کے ہائی کمشنر نے ٹیم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 200 ٹن اضافی امدادی سامان بھی جلد سمندری راستے سے سری لنکا روانہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سری لنکن ڈپٹی منسٹر پورٹ نے پاکستانی ہائی کمشنر اور امدادی دستے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان نے سری لنکا کا ساتھ دیا ہے اور حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے اس مشکل وقت میں سری لنکا کے ساتھ ایکیژتا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔


