گلگت،: منیجنگ ڈائریکٹر، نادرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) عثمان احمد نے کورئیر کمپنی لیپرڈز کے متعدد خطوط، شکایات اور دستیاب شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد نیٹکو بسوں کے ذریعے سامان کی ترسیل میں سنگین بے ضابطگیوں، غفلت اور سامان کے ضائع ہونے کے واقعات پر سخت نوٹس لیا ہے۔
ایم ڈی نیٹکو نے تمام کیسز کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے انہیں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان کے حوالے کر دیا ہے۔

اینٹی کرپشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان واقعات کی مکمل جانچ پڑتال کرتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کیا جائے، غفلت یا کرپشن کے پہلوؤں کی نشاندہی کی جائے اور قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔
ایم ڈی نیٹکو نے واضح کیا ہے کہ جس بھی افسر یا اہلکار کی ذمہ داری ثابت ہوئی، اس کے خلاف سخت تادیبی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں نیٹکو میں کرپشن، بدعنوانی یا غفلت کا کوئی بھی کیس سامنے آیا تو اسے بھی فوری طور پر اینٹی کرپشن کے سپرد کیا جائے گا۔ نیٹکو انتظامیہ ادارے میں شفافیت، جوابدہی اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔


