پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر وفاق پیپلزپارٹی کو مالیاتی ذمہ داریاں سونپے تو ان کی جماعت مقررہ ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یہ پیشکش کراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نئے او پی ڈی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کی ٹیم نے عالمی معیار کی مفت طبی سہولیات فراہم کرکے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ صحت کے شعبے میں ایک مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم اور مالی وسائل کے حوالے سے مختلف اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں، لیکن ناقدین کو این آئی سی وی ڈی، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور این آئی ایچ جیسے کامیاب ادارے نظر نہیں آتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کو جدید اور مفت علاج کی سہولیات ان کے گھر کے قریب فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


