معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی دوران حراست تفتیش کی ایک نئی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں این سی سی آئی اے افسران اُن سے سوالات کر رہے ہیں جبکہ انفلوئنسر ڈاکٹر عفان بھی موجود ہیں۔
سعد الرحمان کو تقریباً تین ماہ قبل جوا ایپ کی تشہیر کے کیس میں بیرون ملک روانگی کے دوران لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ تقریباً 100 دن جیل میں رہے اور بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے پر رہا ہو گئے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں این سی سی آئی اے کے افسر سرفراز چوہدری ڈاکٹر عفان کی موجودگی میں ڈکی بھائی سے سوال کرتے ہیں کہ جنید سلیم اور دیگر صحافیوں کی جانب سے تشدد کے الزامات کے حوالے سے اُن کے ساتھ کوئی مار پیٹ ہوئی یا نہیں، جس پر سعد الرحمان کا جواب تھا کہ کوئی تشدد نہیں ہوا۔


