نئی دہلی: بھارت میں جعلی تعلیمی اسناد کا ایک بڑا اسکینڈل سامنے آگیا ہے جس نے ملک بھر میں ہنگامہ برپا کر دیا۔ کیرالہ پولیس نے جعلی ڈگریاں اور یونیورسٹی سرٹیفکیٹس تیار کرنے والے منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے اہم گرفتاریاں کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کیرالہ میں کارروائی کے دوران مرکزی ملزم کی نشاندہی پر مختلف بھارتی ریاستوں سے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک ملک بھر میں سرگرم تھا اور اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو جعلی سرٹیفکیٹس فراہم کر چکا ہے۔
اس بڑے اسکینڈل کے نتیجے میں بین الاقوامی سطح پر بھی بھارتی تعلیمی اسناد کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔ متعدد ممالک نے بھارتی طلباء کے ویزا کیسز کی جانچ پڑتال سخت کر دی ہے، جبکہ بعض نے تعلیمی ویزا کے اجرا کو عارضی طور پر روک بھی دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کینیڈا اور برطانیہ نے بھارتی طلباء کی ڈگریوں کی مزید سخت تصدیق کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ دیگر ممالک بھی اس معاملے پر محتاط ہو گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اسکینڈل بھارت کی تعلیمی ساکھ کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے اور اس کے اثرات عالمی سطح پر دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔


