پاک افغان کشیدگی؛ چین کی خطے میں امن کے لیے اہم سفارتی پیشکش

Date:

پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہمسایہ ملک چین پہلی مرتبہ کھل کر سامنے آگیا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بڑی پیشکش کر دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے فوری طور پر حل کریں۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے روایتی اور دوستانہ پڑوسی ہیں اور ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے، اس لیے ضروری ہے کہ اختلافات کو سفارتی سطح پر بات چیت اور مشاورت کے ذریعے کم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنا نہ صرف دونوں ممالک کے مفاد میں ہے بلکہ پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

چین نے یہ پیشکش بھی کی ہے کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ چین کی روایتی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے جو دوستی، تعاون اور مشترکہ مفاد پر مبنی تعلقات کو فروغ دیتی ہے۔

چینی بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ، استنبول اور ریاض میں مذاکرات تو ہوئے، تاہم کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اس کے باوجود دونوں ممالک فی الحال جنگ بندی کے معاہدے پر قائم ہیں، جبکہ مزید پیش رفت کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کا یہ موقف خطے میں امن کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related