پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فوجی عدالت کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے فیصلے سے واضح پیغام گیا ہے کہ فیض حمید غیرقانونی کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید کے پاس اپیل کے لیے بھی فورمز موجود ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق کہا کہ اس پر باقاعدہ ڈسکشن نہیں ہوئی، تاہم گورنر راج آئینی آپشن کے طور پر موجود ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے طرزعمل سے وفاق پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور سابقہ دور میں غلط سیاست کے نتائج آج ظاہر ہو رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا، پی ٹی آئی کے دور میں مریم نواز اور فریال تالپور کو ٹارگٹ کیا گیا، آج عمران خان خود جیل میں ہے، یہ مکافات عمل ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں غلط روایات ڈالیں اور نفرت و انتشار کی سیاست کو پروان چڑھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئینی عدالت قائم کر کے اپنے نظریے اور منشور کی کامیابی حاصل کی، اور سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ وفاق کی مشکلات دور ہوں۔
بلاول بھٹو نے یقین دلایا کہ پی پی پی صوبوں کے اختیارات کم کیے بغیر وفاق کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گی، اور عوام کے معاشی مسائل پر بھی توجہ دی جائے گی۔


