: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پی ایس ایل 2026 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ ایونٹ 3 مئی 2026 تک جاری رہے گا۔ لیگ کے میچز پاکستان کے 5 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 2026 میں مجموعی طور پر 44 میچ کھیلے جائیں گے، جو 39 دنوں پر محیط ہوں گے۔ اس ایڈیشن میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی اور ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر منعقد کیا جائے گا، جس کے تحت ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کے پہلے مرحلے میں 28 میچز کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 8 ٹیموں کو 4،4 ٹیموں پر مشتمل دو گروپس میں تقسیم کر دیا جائے گا۔ سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم 3،3 میچ کھیلے گی اور اس مرحلے میں مجموعی طور پر 12 میچز ہوں گے۔
سپر فور مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ 2 ٹیمیں پلے آف مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں سے فائنل تک کا سفر طے کیا جائے گا۔ پی ایس ایل 11 کے مجوزہ فارمیٹ کو شائقین کرکٹ کے لیے مزید دلچسپ قرار دیا جا رہا ہے۔


