لاہور: قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔
دورہ 15 جولائی سے 7 اگست تک جاری رہے گا اور دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کا حصہ ہوں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے نائب صدر عظیم بسارتھ نے پاکستان ٹیم کے دورے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ دورے کا آغاز ٹرینیڈاڈ میں پاکستانی ٹیم کے چار روزہ وارم اپ میچ سے ہوگا۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے تاریخی کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں شیڈول ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی اس سیریز کو دونوں ٹیموں کے عالمی پوائنٹس ٹیبل پر اثرات کے باعث کرکٹ حلقوں میں اہمیت دی جا رہی ہے۔


