انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے داعش خراسان کے اہم رہنما سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار رہنما کو تنظیم میں نائب سربراہ سمجھا جاتا تھا اور وہ داعش خراسان کے مرکزی پروپیگنڈا نیٹ ورک "العزائم میڈیا” کا بانی بھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان عزیز عزام 1978 میں افغان صوبے ننگرہار میں پیدا ہوا اور ننگرہار یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کیا۔ وہ 2016 میں داعش خراسان سے وابستہ ہوا اور کچھ ہی عرصے میں تنظیم کے میڈیا اور بھرتی کے نیٹ ورک کی قیادت سنبھال لی۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے تنظیم کی نظریاتی تشہیر، آن لائن پروپیگنڈا اور نئے جنگجوؤں کی بھرتی کی جاتی تھی۔
امریکی حکومت نے نومبر 2021 میں سلطان عزیز عزام کو اسپیشل ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ قرار دیا تھا۔ یہ اقدام داعش خراسان کی عالمی سطح پر سرگرمیوں اور شدت پسند نظریات کے فروغ میں اس کے اہم کردار کے باعث اٹھایا گیا تھا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق سلطان عزیز کی گرفتاری داعش خراسان کی قیادت اور میڈیا ڈھانچے کے لیے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے۔ مبصرین اسے پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی اور بین الاقوامی شدت پسند نیٹ ورکس کے خلاف جاری مؤثر کارروائیوں کا تسلسل قرار دے رہے ہیں۔


