بنگلہ دیش اور بھارت کے سفارتی تعلقات میں نیا تناؤ سامنے آ گیا ہے، ڈھاکہ نے نئی دہلی میں اپنے ہائی کمیشن کی قونصلر اور ویزا خدمات معطل کرکے بڑا قدم اٹھایا ہے۔
ہائی کمیشن کے نوٹس میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی خدشات اور ناگزیر حالات کے باعث تمام خدمات تاحکم ثانی روک دی گئی ہیں۔
یہ فیصلہ اس واقعے کے دو روز بعد سامنے آیا جب کچھ افراد نے نئی دہلی میں بنگلہ دیش مشن کے باہر احتجاج کیا تھا۔ بنگلہ دیشی حکام کے مطابق مظاہرین کی جانب سے ہائی کمشنر ریاض حمید اللہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں جس کے بعد یہ اقدام ضروری سمجھا گیا۔
دوسری جانب چٹاگانگ میں انڈین ویزا ایپلیکیشن سینٹر نے بھی بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے گرد سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
گزشتہ ہفتے ڈھاکہ، کھلنا اور چٹاگانگ میں احتجاج کے دوران ویزا مراکز جزوی طور پر بند رہے تھے۔ موجودہ صورتحال پر دونوں ممالک کے ہائی کمشنرز کو طلب بھی کیا گیا ہے، جس سے سفارتی کشیدگی میں مزید اضافہ محسوس ہو رہا ہے۔


