آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے,قومی ائیرلائن کو دوبارہ عظیم بنائیںگے، عارف حبیب

Date:

عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے اور وہ قومی ائیرلائن پی آئی اے کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

اسلام آباد میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا جس کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی۔

عارف حبیب نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بولی کے عمل کو کامیابی سے منعقد کیا، اس پورے عمل کا کریڈٹ پرائیویٹائزیشن کمیشن اور کابینہ کو بھی جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی جس سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا، جبکہ انہیں امید ہے کہ اس عمل سے نجکاری کے مزید راستے بھی کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن نے شفاف طریقے سے نجکاری کا پورا عمل مکمل کیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے معروف پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے بتایا کہ ان کا اندازہ تھا کہ بولی 130 ارب روپے تک جا سکتی ہے اور وہ ابتدا سے ہی 100 فیصد شیئرز خریدنے کے خواہاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت 12 فیصد پریمیم کے ساتھ سوا سال میں مکمل ادائیگی کی جائے گی۔ عارف حبیب کے مطابق ان کی چند ائیرلائنز سے ابتدائی بات چیت بھی ہو چکی ہے اور آئندہ مرحلے میں کسی ائیرلائن کو کنسورشیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ سمیت مذہبی سفر کے شعبے میں پی آئی اے کے پاس بڑی صلاحیت موجود ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی قومی ائیرلائن کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اور نئے پروفیشنل عملے کو یکجا کر کے بہتر کارکردگی حاصل کی جائے گی، کیونکہ ان کے پاس تجربہ کار اور باصلاحیت افراد موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے سے موجود عملے کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں گے اور ان کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔

عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کو135 ارب روپے میں خریدلیا

عارف حبیب نے کہا کہ وہ مل کر پاکستان کے لیے بڑے منصوبے کرنا چاہتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ تمام فریقین کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔

قومی ائیرلائن کے معاملے پر لکی گروپ سے بھی مشاورت کی جائے گی، جبکہ بولی سے قبل بھی لکی گروپ کو ساتھ شامل کرنے کی بات کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی عظمت کو بحال کیا جائے گا، پاکستانی پروفیشنلز نے دنیا کے کئی ممالک میں کامیاب ائیرلائنز کھڑی کی ہیں، ابھی تو صرف ٹاس جیتنے پر مبارک بادیں مل رہی ہیں، اصل کامیابی فیلڈنگ سیٹ کر کے میچ جیتنے میں ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

Share post:

Subscribe

spot_imgspot_img

Popular

More like this
Related