وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔
دورے کے دوران معزز مہمان کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے اہم ملاقاتیں طے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
صدر یو اے ای کے دورہ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے آج بند رہیں گے۔
اسی طرح سینیٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی آج چھٹی ہوگی، جبکہ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔ وفاقی آئینی عدالت نے بھی آج کی کاز لسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق تاہم اسلام آباد کے اسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔


