متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، جسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔
برادر اسلامی ملک کے صدر کی آمد پر شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جو دونوں ممالک کے دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔
دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کو تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر متحدہ عرب امارات کی پاکستان آمد کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لیں گے اور انہیں فضائی سلامی دی جائے گی۔
یہ دورہ اس بات کا تسلسل ہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت باہمی تعلقات اور مضبوط روابط کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کے دورے کر چکی ہے۔


