سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے شوہر سے تعلق کے حوالے سے اپنا مؤقف سامنے لاتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔
ثانیہ اشفاق نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ ان کا گھر برباد ہوگیا، ان کے بچے اپنے والد سے محروم ہوچکے ہیں اور ان کا پانچ ماہ کا بچہ اب تک اپنے والد کی آغوش سے محروم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے دوران مشکلات ضرور رہیں لیکن اس کے باوجود رشتہ قائم رہا اور انہوں نے بطور بیوی اور ماں اس تعلق کو نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم معاملات اس وقت سنگین صورت اختیار کرگئے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئی۔

ثانیہ اشفاق کے مطابق مذکورہ خاتون ان کے شوہر سے شادی کی خواہشمند تھیں، جبکہ بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر انہوں نے ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں بتانا چاہتی ہیں کہ انصاف ضرور ہوگا اور اس پورے معاملے سے متعلق ہر بات کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو افراد دستاویزات منظر عام پر نہ لانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ان سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا، اور وہ یہ مؤقف کسی سے بدلہ لینے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور اپنے بچوں کے حق میں سچ سامنے لانے کے لیے اختیار کر رہی ہیں، ساتھ ہی وہ ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے خاموش کر دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کافی سوچ بچار کے بعد انہوں نے طلاق کے لیے کیس دائر کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان گزشتہ چند برسوں سے اختلافات حل نہیں ہو پا رہے تھے۔ واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور دونوں کے تین بچے ہیں۔


