قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے لیے عدالت میں کیس دائر کر دیا ہے۔ عماد وسیم نے اپنی ازدواجی زندگی سےمتعلق سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ طویل غور و فکر کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کیونکہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان گزشتہ چند برسوں سے اختلافات حل نہیں ہو پا رہے تھے، جس کے باعث اب قانونی طور پر علیحدگی کا راستہ اختیار کیا گیا ہے۔
عماد وسیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے، پرانی تصاویر پر توجہ نہ دی جائے، انہیں کسی کے ساتھ نہ جوڑا جائے اور اس معاملے پر کوئی قیاس آرائی یا بیانیہ تشکیل دینے سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس درخواست کے باوجود باز نہ آیا گیا تو وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں کی سرپرستی اور ذمہ داریاں بدستور نبھاتے رہیں گے۔ یاد رہے کہ عماد وسیم نے 2019 میں ثانیہ اشفاق سے شادی کی تھی اور اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔


